معروف ٹک ٹاکر بیوٹیشن ارشمہ نے خودکشی کر لی، لاش کئی دنوں بعد برآمد

لاہور کے علاقے اسلام پورہ کے ایک فلیٹ سے ٹک ٹاکر اور بیوٹیشن ارشمہ کی چند روز پرانی لاش ملنے پر علاقے میں شدید سنسنی پھیل گئی ہے جبکہ پولیس ذرائع نے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر موت کو خودکشی قرار دے دیا ہے۔

اسلام پورہ پولیس کو گزشتہ دنوں اطلاع ملی کہ ہاسٹل کے فلیٹ نمبر 203 سے شدید بدبو آ رہی ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچی، فلیٹ کا دروازہ کھول کر دیکھا تو اندر ایک نوجوان خاتون کی لاش موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑی دریائے کنہار میں اتارنے والے ٹک ٹاکرز کیخلاف مقدمہ درج

بعد ازاں شناخت کرنے پر معلوم ہوا کہ مقتولہ سوشل میڈیا پر ہزاروں فالوورز رکھنے والی معروف بیوٹیشن اور ٹک ٹاکر ارشمہ تھی، جو سوشل میڈیا پر تو بے حد فعال تھی لیکن مبینہ طور پر نجی زندگی میں شدید تناؤ کا شکار تھی۔

ارشمہ کے والدین، بہن بھائی اور دیگر تمام قریبی رشتہ دار لاہور ہی کے رہائشی ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اس فلیٹ میں بالکل اکیلی رہ رہی تھی، فلیٹ کے مالکان سے یہ کہہ کر فلیٹ کرائے پر لیا گیا تھا کہ وہ شادی شدہ ہے، درحقیقت ارشمہ غیر شادی شدہ تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق ارشمہ نے پھندا لگا کر اپنی جان خود لی ہے، پولیس کی کرائم سین ٹیم نے موقع سے تمام تر سائنسی شواہد اکٹھے کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کا بڑا فیصلہ، مجرم عمر حیات کو سزائے موت کا حکم

لاش کا باقاعدہ پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے اور جسمانی و کیمیائی نمونے فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، حتمی فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ارشمہ کی لاش کو تدفین کیلئے اس کے والدین اور ورثاء کے حوالے کر دیا گیاہے۔