پسند کی شادی کا اندوہناک انجام،میاں بیوی اور2 کمسن بچے قتل

گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں  پسند کی شادی کا اندوہناک انجام سامنے آیا ہے جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی اور ان کے 2کمسن بچوں کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔

اسکردو پولیس اور ریسکیو کے مطابق افسوسناک واقعہ اسکردو کے علاقے مدینہ کالونی کے قریب پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں:میر رضا کی موت قتل قرار، پولیس تفتیش میں سنگین غفلت کی نشاندہی، جے آئی ٹی بنانے کی سفارش

 ڈی آئی جی بلتستان رینج آصف اقبال مہمند نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ رات ایک سے 2بجے کے درمیان پیش آیا، جس کی اطلاع صبح 8بجے کے قریب پولیس کو ملی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا جبکہ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی تقاضے بھی پورے کئے گئے۔

 ڈی آئی جی نے بتایا کہ جوڑے نے 6سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور چند سال پہلے کراچی سے اسکردو منتقل ہوئے تھے۔ ان کے مطابق خاتون کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع پاراچنار سے تھا جبکہ ان کے شوہر کا تعلق اسکردو سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ رات کے وقت نامعلوم قاتل گھر میں داخل ہوئے اور پہلے خاتون اور دونوں بچوں کو قتل کیا۔ اس کے بعد جب شوہر جو ایک مقامی ہوٹل میں کام کرتا تھا، رات تقریباً دو بجے گھر پہنچا تو اسے بھی قتل کر دیا گیا۔

آصف اقبال مہمند نے بتایا کہ پورے خاندان کو قتل کیا گیا اور چاروں افراد کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے۔واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی شروع کر دی ہے۔

مقتول کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ صبح کے وقت جب رشتہ دار کام کے سلسلے میں ان کے گھر پہنچے تو انہیں قتل کے واقعے کا علم ہوا، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نے چند سال قبل پاراچنار سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی اور بعد ازاں اسکردو منتقل ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ریسکیو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں صبح مقامی افراد کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی،خاتون کی لاش کچن میں ملی، جبکہ دونوں بچوں کو بستر پر ہی قتل کیا گیا تھا۔ شوہر کی لاش برآمدے سے ملی۔

یہ بھی پڑھیں:پولیس کی غفلت،کوٹلی میں اراضی تنازع پر باپ بیٹا قتل،2ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

اسکردو میں پورے خاندان کے قتل کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج شروع کر دیا اور بے نظیر اسپتال کے سامنے سڑک بند کرکے دھرنا دیا۔

مظاہرین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔