محکمہ برقیات کا ایک اور ملازم محکمہ کی ہی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا،ضلع باغ کے نواحی علاقے ملوٹ میں محکمہ برقیات سب ڈویژن ہاڑی گہل کا لائن مین سردار محمد عمر ملوٹ مین بازار میں بجلی کی لائن مرمت کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق مرکز ملوٹ اور نواحی علاقے میں گزشتہ روز سے بجلی لائن خراب تھی، لائن مین سردار محمد عمر جو لو ہر ملوٹ کا رہائشی ہے، لائن کی مرمت کیلئے پول پر چڑھ کر ٹھیک کر رہا تھا کہ محکمہ برقیات سب ڈویژن کے اہلکاروں نے کرنٹ چھوڑ دیا اور کرنٹ لگنے سے سردار عمر خان موقع پر دم توڑ گیا ۔
اہل علاقہ نے سردار محمد عمر کی موت کا ذمہ دار محکمہ برقیات اور ایس ڈی او سب ڈویژن باڑی گہل کوقرار دیا ہاے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی چوری پر ٹرانسفارمرز خود ہی بند ہونگے، وزیر توانائی کا اعلان
سانحہ کے بعد ملوٹ اور نواحی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اہل علاقہ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر برقیات اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے،
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایس ڈی او برقیات سب ڈویژن ہاڑی گہل کو واقعہ کا ذمہ ار قرار دے کر فوری کٹہرے لایا جائے اور سردار محمد عمر کے ورثاء کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے لائن مین سردار عمر کی دورانِ ڈیوٹی وفات پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
ثاقب مجید راجہ کا کہنا ہے کہ لائن مین سردار عمر سرور کی وفات محکمہ برقیات اور ان کے اہل خانہ کے لیے بڑا صدمہ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: محکمہ توانائی میں تعیناتیوں اور تبادلوں پر فوری پابندی عائد
یا درہے کہ ماضی میں ایسے سینکڑوں واقعات ہو چکے ہیں جو محکمہ برقیات کے حکام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے محکمے کے اپنے ہی ملازم موت کی بھینٹ چڑہتے رہے۔
محکمہ برقیات کی جانب سے ملازمین کو حفاطتی کٹیں نہیں مہیا کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس سے قبل بھی کئی لائن مین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔




