آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 4 نومبر 2026 کو مظفرآباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے اجلاس بلانے کے حوالے سے باضابطہ حکم نامہ اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق نے آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974ء کے آرٹیکل 27 ذیلی آرٹیکل (4) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس 04 نومبر 2026ء بروز بدھ بعد دوپہر 02:00 بجے بمقام بلاک نمبر 12، سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری قائدین اسمبلی اجلاس بلا کر گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اٹھائیں، سپیکر عمران ندیم
اپوزیشن کی تحریک اور اجلاس کی طلبی:
اسپیکر کی جانب سے قانون ساز اسمبلی کا یہ اہم اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک کے بعد طلب کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے اجلاس بلانے کی تحریک پیش کیے جانے کے محض دو روز بعد ہی اسمبلی کا یہ اجلاس باقاعدہ طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔
اگرچہ اجلاس کی تاریخ اور وقت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، تاہم اسمبلی کے اس آنے والے اجلاس کے حوالے سے ایجنڈا تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے۔




