ہٹیاں بالا :ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے آخری ایام میں بازاروں میں بڑھتے ہوئے رش اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے خصوصی اقدامات کیے۔
چیئرمین بلدیہ سجاول خان، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، ایس ایچ او نوید الحسن، چیف آفیسر ندیم احمد چوہدری، مجسٹریٹ بلدیہ راجہ شیراز اور نائب تحصیلدار ایاز چغتائی نے پولیس نفری اور بلدیہ اسٹاف کے ہمراہ مرکزی بازار، اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا جہاں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
رمضان کے آخری عشرے میں خریداری کے رجحان میں غیرمعمولی اضافے کے باعث بازاروں میں شدید رش اور ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی تھی۔ انتظامیہ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے غیر ضروری رکاوٹوں کو ہٹایا، ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے پولیس و بلدیہ کے اہلکاروں کو تعینات کیا۔ پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے بھی جگہ جگہ اہلکار موجود رہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ آئے۔
انتظامیہ کے ان اقدامات کے نتیجے میں شدید رش کے باوجود ہٹیاں بالا کے بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رہی۔ شہریوں اور خریداروں نے اس حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بار رمضان کے آخری دنوں میں ٹریفک جام اور بدنظمی کی صورتحال دیکھنے میں نہیں آئی، جو ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
بہترین انتظامات اور ٹریفک کنٹرول کی مؤثر حکمت عملی پر تاجروں اور سول سوسائٹی نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ بہتر ٹریفک انتظامات سے کاروباری سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں اور خریداروں کو بھی سہولت ملی۔ عوامی حلقوں نے بھی ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہی نظم و ضبط مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم اسپورٹس کمپلیکس میں پاک فوج کے زیر اہتمام تین روزہ عید بازار، شہریوں کی بھرپور شرکت
اسسٹنٹ کمشنر کامران خان نے کہا کہ انتظامیہ عوامی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ایسے عملی اقدامات کیے جائیں گے جو شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ ایس ایچ او نوید الحسن نے کہا کہ پولیس کی موجودگی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی برقرار رہی بلکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں، بازاروں میں غیر ضروری رش نہ بڑھائیں اور ٹریفک اصولوں کی پابندی کریں تاکہ سب کے لیے سہولت پیدا ہو۔
رمضان المبارک کے آخری ایام میں بازاروں میں مثالی نظم و ضبط اور ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے، اور شہریوں کو امید ہے کہ یہی طریقہ کار مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔