راولپنڈی:یوم دفاع و شہداء کے موقع پر افواج پاکستان نے ملکی سلامتی، خودمختاری اور بقاء کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
افسران اور جوانوں کا کہنا ہے کہ وطن کا دفاع، بقائے پاکستان اور ملکی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے اور مسلح افواج ہر لمحہ دفاع وطن کیلئے تیار ہیں۔
افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج کا ہر جوان وطن کا محافظ اور اس کی سلامتی کا امین ہے۔
فوجی جوان ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرنے کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا، مسلح افواج نے بہادری اور عزم کیساتھ اس کا مقابلہ کیا اور ملکی دفاع کو ہر چیز پر مقدم رکھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان کی قوم کو جشن آزادی پر مبارکباد، وطن کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ
وطن سے محبت اور جذبۂ حب الوطنی کے تحت پاک فوج نے ہر ذمہ داری پوری کی اور پاکستانی ہونے پر ہمیشہ فخر محسوس کیا۔
فوجی افسران اور جوانوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے عوام اور مسلح افواج کا اتحاد ناگزیر ہے۔
قوم اور افواج مل کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اور قومی امیدوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
یوم دفاع و شہداء کے موقع پر افواج پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت، اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کے ذریعے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان کیخلاف زہرافشانی اور مودی کی تعریف ، نورین نیازی کو این سی سی ائی اے کا نوٹس جاری
وطن کے محافظوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔




