صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار دن کی حیثیت رکھتا ہے جو ملکی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یومِ دفاع قوم کے ان عظیم سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1965ء میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جبکہ شہداء نے اپنے خون سے شجاعت، عزم اور حب الوطنی کی لازوال داستانیں رقم کیں۔
آصف علی زرداری نے افواجِ پاکستان کے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اور ان کی لازوال داستانیں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع و شہداء، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کا شہدائے وطن کو سلام پیش
صدر مملکت کے مطابق 1965ء میں مسلح افواج اور قوم کا اتحاد قومی یکجہتی اور اجتماعی قوت کی بہترین مثال تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ متحد قوم کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
یہی قومی جذبہ آپریشن بنیان المرصوص میں بھی نمایاں ہوا، جبکہ معرکۂ حق کی کامیابی 6 ستمبر کے جذبۂ حب الوطنی کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا۔ یہ کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کے ساتھ عوام اور فوج کے مضبوط تعلق کی بھی عکاس ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، باہمی احترام اور علاقائی استحکام کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے۔ تاہم ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہداء کی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر عزم دیا، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔




