مظفرآباد: گرانفروشی کرنے والے ایجنسی ہولڈرز کے خلاف انتظامیہ کا ایکشن، متعدد دکانیں سیل، گندہ فروٹ اور تجاوزات کرنے والا تاجر حوالات پہنچ گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز مظفرآباد شہر کے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مہنگی گیس فروخت کرنے پر متعدد گیس ایجنسی کو سیل، تجاوزات کرنے پر چھتر سے دکاندار گرفتار جبکہ جیل روڈ پر روڈ پر سامان رکھ کر فروخت کرنے والے تاجر کو دھر لیا۔
گرانفروشی کرنے والے کے خلاف وزیراعظم کی ہدایت پر انتظامیہ نے ضلع بھر میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں، مہنگی گیس فروخت کرنے والے تاجروں کی دکانیں سیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبزی، فروٹ، گوشت، انڈے، دودھ سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلا تخصیص کارروائی کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس سلنڈر کی زائد قیمتوں پر ہائی کورٹ نوٹس، سیکرٹری انڈسٹریز اور کمشنرز طلب
مظفرآباد میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر رورل کی کارروائی کے دوران متعدد گیس سلنڈر دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ کئی دکانداروں کو وارننگ جاری کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




