سہ ملکی سیریز،عرفات منہاس کی شاندار کارکردگی،پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیدی

راولپنڈی :پاکستان نے ون ڈے ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دیدی۔

پاکستان کے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی کامیابی میں عرفات منہاس نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کو سزائیں سنا دیں

حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، عرفات منہاس نے بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔

فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابر اعظم نے 34 اور سعد بیگ نے 35 رنز اسکور کیے، انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 جبکہ گس اٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن نے 57 اور بین ڈکٹ نے 45 رنز بنائے، جبکہ جو روٹ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم دیگر بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

عرفات منہاس نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ 38.4 اوورز میں گری اور پوری ٹیم 215 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہیں، 22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ باقی میچ لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 30روزہ پابندی عائد، جرمانہ بھی عائد

25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔

تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2، 2 میچ کھیلیں گی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔