مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی ہدایت پر شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی حماد بشیر، اسسٹنٹ کمشنر رورل عامر اعجاز عباسی، ڈی ایس پی ٹریفک اور سٹی ٹریفک انسپکٹر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:13 حلقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج آخری مراحل میں داخل،سپیکر طارق فاروق
دورے کے دوران سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات قائم کرنے اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں کو سیل جبکہ مختلف گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا۔
خصوصی کمیٹی شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:26ویں آئینی ترمیم کی حمایت: ریاض ملک کی فضل الرحمن سے 5ارب روپےاورجائیدادوں کی ڈیل کا انکشاف
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور سرکاری راستوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے یا رکاوٹیں قائم کرنے سے گریز کریں۔




