حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے انڈیپنڈنٹ عربیہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی، مکہ دفاعی معاہدے اور حرمین شریفین کے تحفظ پر پاکستان کے حتمی، غیر متزلزل اور دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ مقدس سرزمین اور سعودی عرب کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نوچ لی جائے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلم امہ کے دل ہیں اور ان کی خودمختاری و سلامتی پاکستان کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقدس مقامات پر کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں پاکستان کے گلی کوچوں میں عام شہریوں سے لے کر تمام سیاسی و عسکری قیادت تک شدید غصہ اور یکجہتی پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد ہائی کورٹ کا تعلیمی پیکج سے متعلق اہم فیصلہ، تمام مقدمات نمٹا دیے گئے

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ الائنس تاریخی تعلقات اور سیکیورٹی اتحاد کا بے مثال مظہر ہے جو باہمی اعتماد کی چٹان پر قائم ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی روکنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے اور عسکری تصادم کی نوبت آئی تو مکہ الائنس کا ‘اجتماعی ڈیٹرنس’ (Collective Deterrence) مکمل قوت کے ساتھ حرکت میں آئے گا۔