مظفرآباد ہائی کورٹ کا تعلیمی پیکج سے متعلق اہم فیصلہ، تمام مقدمات نمٹا دیے گئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے تعلیمی پیکج 2026ء، نئے قائم شدہ اور اپ گریڈ ہونے والے تعلیمی اداروں نیز اسامیوں کی منتقلی اور نیشنلائزیشن کے حوالے سے دائر جملہ مقدمات پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے تمام کیسز نمٹا دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابقہ حکومت نے تعلیمی پیکج کے تحت ریاست بھر میں سینکڑوں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ہزاروں نئی اسامیوں کی تخلیق کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسے موجودہ حکومت نے کالعدم یا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت کے اس اقدام کے خلاف متاثرہ فریقین نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت عالیہ نے ابتدائی طور پر حکم امتناعی (Stay Order) جاری کر رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈہاک ملازمین کے کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے:سپریم کورٹ کی ہائیکورٹ کو ہدایت

بعد ازاں، حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے پر عدالت نے حکم امتناعی واپس لے لیا تھا۔ آج ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کی اس یقین دہانی کے بعد کہ نیشنلائزیشن، اسامیوں کی منتقلی اور دیگر معاملات پر ازسرنو نظرثانی کی جائے گی، تمام متعلقہ درخواستیں اور مقدمات نپٹا دیے۔

عدالتی فیصلے کے تحت اسامیوں اور اداروں کی یکسوئی کا معاملہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں قائم کی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر جنگلات کرنل (ر) وقار احمد محمود کر رہے ہیں۔ یہ کمیٹی تعلیمی پیکج کے تمام التوا شدہ اور متنازع امور کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔