اسلام آباد: سنٹرل بار کے پریس سیکرٹری ایڈووکیٹ سید نواز حیدر نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ پاکستان مخالف بیانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سنٹرل بار کے پریس سیکرٹری ایڈووکیٹ سید نواز حیدر نے اپنے ایک اہم بیان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں مولانا فضل الرحمان نے جو پاکستان مخالف بیانیہ دیا ہے، وہ بطور پریس سیکرٹری سنٹرل بار اس کی سب سے پہلے بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ملکِ خداداد پاکستان 56 اسلامی ممالک کا دفاع کر رہا ہے اور ملک کے اندر پائے جانے والے موجودہ حالات میں تمام شہریوں کو ایک ساتھ مل کر پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے بیان پر آزاد کشمیر میں بھی شدید ردِعمل، پاک فوج پر تنقید ناقابلِ قبول قرار
ریاست کی اہمیت اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین:
سنٹرل بار کے پریس سیکرٹری ایڈووکیٹ سید نواز حیدر کا کہنا تھا کہ “ریاست ہے تو سیاست ہے اور ملک ہے تو سیاست ہے”، اس لیے اس وقت پاکستان کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے ملکی اداروں اور بالخصوص افواجِ پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جو سرحدوں پر موجود ہیں اور ملک کے اندر و باہر اپنی ذمہ داریاں اور خدمات احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں۔
اپنے بیان کے اختتام پر سنٹرل بار کے پریس سیکرٹری ایڈووکیٹ سید نواز حیدر نے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی پاکستان کے حوالے سے پلاننگ اور حکمتِ عملی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آرمی چیف اور پاک فوج کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں، جبکہ آخر میں انہوں نے “پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعرے کا اعادہ بھی کیا۔




