سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اہم اور کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تمام آپریشنز بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انجام دیے گئے، جہاں سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو پنج پائی کے علاقے میں دہشتگردوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی اس کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
دہشتگردوں کا ٹھکانہ تباہ اور مزید ہلاکتیں:
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پیش قدمی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ اس کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی: 5 دہشتگرد ہلاک
خضدار آپریشن اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی:
اسی طرح خضدار میں کیے گئے ایک اور اہم آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ایک اور ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں 1 دہشتگرد ہلاک ہوا، جبکہ خضدار آپریشن کے دوران فورسز نے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز مسلسل جاری ہیں اور بیرونی سرپرستی و حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔




