امریکا کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونےدیں گے،ایرانی صدر

 ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گا جبکہ ایرانی عوام کا اتحاد اور باہمی تعاون دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ دشمن ملک میں بے چینی، احتجاج اور انتشار کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم قومی یکجہتی کے ذریعے ان کوششوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات کی منظوری تک جنگ جاری رہے گی، ایران کا دوٹوک اعلان

ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری شخصیات کے تعاون سے دشمن کے عزائم کا مقابلہ کیا جائے گا۔

 ان کے مطابق ایران اپنے عوام کی مدد اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے  ملک کی ضروریات پوری کرنے اور موجودہ مشکلات پر قابو پانے کیلئے پُرعزم ہے۔

مسعود پزشکیان نے حکام کو ہدایت کی کہ مقامی سطح پر درپیش مسائل کے حل  کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کی جائیں اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔

ایرانی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مسلح افواج نے دشمن کے حملوں کا بھرپور مقابلہ کیا جبکہ عوام نے معاشی اور سماجی مسائل کو بنیاد بنا کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششوں کو بھی ناکام بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ایران میں نسلی اور صنفی اختلافات کو ہوا دے کر قومی اتحاد کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ داخلی مسائل سے فائدہ اٹھا کر معاشرے میں تقسیم اور بے چینی پیدا کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے میں حد سےتجاوز کیا،ٹرمپ کا اہم اعتراف

مسعود پزشکیان نے کہا کہ بجلی کی قلت، پانی کے بحران اور معاشی مشکلات کے باوجود ایرانی عوام نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی تعاون اور قومی یکجہتی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

ایران کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، کاروباری طبقے اور عوام کے مشترکہ تعاون سے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا اور دشمن کی جانب سے انتشار پیدا کرنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔