پاکستان آرمی کا کوٹلی کے شہریوں کے لیے شاندار تحفہ: ہوائی جہاز گراؤنڈ اور فیملی پارک کی سہولیات

تفریحی سہولیات اور پارکس کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا شکار کوٹلی کے باسیوں کے لیے پاک فوج نے ایک اور مثالی اور خوش آئند قدم اٹھایا ہے۔ پاک فوج نے “ہوائی جہاز گراؤنڈ” کو بہترین انداز میں بحال کر کے کھیل اور تفریح کے شاندار میدان سجائے ہیں، جو کوٹلی کے شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں اور پاک فوج کی جانب سے ایک خوبصورت ترین تحفہ ہیں۔

جنت نظیر آزاد کشمیر میں خوبصورت ترین سیاحتی مقامات موجود ہیں، جن میں نیلم ویلی، راولا کوٹ، مظفرآباد، ٹولی پیر اور بنجوسہ جھیل جیسے دلکش مقامات شامل ہیں۔ ضلع پونچھ اور اس کی خوبصورتی اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے، تاہم اگر ضلع کوٹلی کی بات کی جائے تو یہاں سیاحتی مقامات موجود ہونے کے باوجود ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کہیں بھی کوئی باقاعدہ فیملی پارک نہیں بنایا گیا۔ ایسے میں کوٹلی کے شہریوں کے لیے پاکستان آرمی کی جانب سے ہوائی جہاز گراؤنڈ کے نام پر کھیل کے شاندار میدان سجائے گئے ہیں، جو شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور : پہلے پارکنگ پلازہ کی تعمیر تیز، ٹریفک مسائل حل، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا

اس خوبصورت مقام پر واکنگ ٹریک کے ساتھ ساتھ ایک چھوٹا سا چڑیا گھر (زُو) بھی موجود ہے جہاں ہر قسم کے پرندے اور جانور دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہاں بچے، خواتین اور بزرگ کثیر تعداد میں آتے ہیں اور تفریح کے لمحات گزارتے ہیں۔ گراؤنڈ میں بچے اور نوجوان کرکٹ، فٹ بال، ٹینس بال، بیڈمنٹن اور والی بال جیسے کھیلوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔