پشاور(کشمیر ڈیجیٹل) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کے اہم انتظامی، معاشی اور ترقیاتی امور پر مشاورت کیلئے 11 رکنی خصوصی مشاورتی کونسل قائم کر دی گئی ہے۔
کونسل میں سابق سینئر سرکاری حکام، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے، جو صوبے کے اہم مسائل کے حل اور پالیسی سازی کے لیے گورنر کو سفارشات پیش کریں گے۔
کونسل میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دو سابق چیئرمین، سابق سینیٹر، سابق ایڈووکیٹ جنرل، سابق انسپکٹر جنرل اور پاک فوج کی سابق سرجن جنرل سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اقبال آفریدی بھی اچانک روپوش،احتساب کے خوف سے روپوشی اختیار کر لی
خصوصی مشاورتی کونسل مالیات، ریونیو، توانائی، پاور، منصوبہ بندی و ترقیات، قانون، پارلیمانی امور، صنعت و تجارت، اطلاعات و نشریات، تعلیم کے شعبوں کے سربراہان مقرر کردیئے گئے ہیں
صحت، اوقاف و مذہبی امور، داخلہ، قبائلی امور، کان کنی و معدنیات، مواصلات، بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں سے متعلق ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
کونسل کے اراکین میں ڈاکٹر سید امیر عبداللہ کو تعلیم، طارق محمود پاشا کو مالیات، ریونیو، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سابق سینیٹر عثمان سیف اللہ خان کو توانائی، پاور کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے
منصوبہ بندی و ترقیات جبکہ خیبر پختونخوا کے سابق ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید کو قانون و پارلیمانی امور کے شعبے تفویض کیے گئے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کی سابق ترجمان ثمر ہارون بلور اطلاعات و نشریات، ایف بی آر کے سابق چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد صنعت و تجارت جبکہ مولانا محمد طیب قریشی اوقاف و مذہبی امورپر گورنر کو مشاورت فراہم کریں گے۔
پاک فوج کی پہلی خاتون تھری اسٹار جنرل اور سابق سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان صحت کے شعبے میں مشاورتی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا: ایمرجنسی کا فیصلہ صوبے کے مشکل حالات دیکھ کر کرنا پڑا،محسن نقوی
جبکہ سابق انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور فاٹا ٹربیونل کے سابق چیئرمین کفایت اللہ خان کو داخلہ و قبائلی امور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے سابق مشیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کان کنی و معدنیات کے شعبے میں مشاورت دیں گے۔
جبکہ سابق نگران صوبائی وزیر آصف رفیق آفریدی مواصلات و تعمیرات، بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے امور پر گورنر کی معاونت کریں گے۔
کونسل کے قیام کا مقصد خیبر پختونخوا میں انتظامی اصلاحات کو فروغ دینا، عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔
معاشی مسائل کے حل کیلئے تجاویز مرتب کرنا اور مختلف شعبوں میں مؤثر پالیسی سازی کیلئے ماہرین کی آرا سے استفادہ کرنا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں قائم یہ کونسل صوبے کو درپیش اہم مسائل کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی،
جن کا مقصد صوبے میں گورننس کے نظام کو بہتر بنانے اور معاشی و ترقیاتی صورتحال میں بہتری لانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔




