آزاد کشمیرمیں مرغی مہنگی، سبزیوں اور پھلوں کے نرخ میں بھی ردوبدل

مظفرآباد: (26 مارچ 2025) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے تازہ نرخ جاری کر دیے ہیں جن میں مرغی، انڈے، سبزیاں اور پھل شامل ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت ہدایات دی گئی ہیں اور دکانداروں کو سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو دکاندار زائد قیمت وصول کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نئے نرخوں کے مطابق برائلر زندہ مرغی 560 روپے فی کلو جبکہ بریڈر مرغی کا گوشت 590 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ دیسی مرغی 1050 روپے فی کلو اور گولڈن مرغی 850 روپے میں فروخت کی جائے گی۔ انڈوں کی قیمتیں، 40 سے 50 گرام وزن والے انڈے 255 روپے درجن جبکہ 51 سے 65 گرام والے 275 روپے درجن میں ملیں گے۔

سبزیوں کی قیمتوں میں کچھ رد و بدل کیا گیا ہے۔ آلو اول 60 روپے، آلو دوئم 50 روپے، چائنہ سے درآمد شدہ لہسن 600 روپے، پیاز65 روپے اور ٹماٹر 100 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔ پھول گوبھی 40 روپے، کریلہ 260 روپے، کدو 60 روپے، لیموں 280 روپے، پالک 35 روپے، مولی 30 روپے، گاجر 50 روپے، مٹر 170 روپے اور کھیرے کی قیمت 60 روپے فی کلو رکھی گئی ہے۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی کچھ کمی اور اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سفید سیب 260 روپے، سفید گولہ سیب 150 روپے، کالا سیب 270 روپے جبکہ ایرانی سیب 380 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔ کیلا 260 روپے درجن، کینو 420 روپے میں چار درجن، بلڈ مالٹا 350 روپے، امرود پنجاب 240 روپے، انار 600 روپے، خربوزہ پیلا 180 روپے اور اسٹرابیری 280 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام دکاندار اور ریڑھی بان سرکاری نرخوں پر عمل کریں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ مزید برآں گاہک کے مطالبے پر رسید فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی دکاندار زائد قیمت وصول کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔