پی ایس ایل 10 کا ترانہ! پی سی بی نے آفیشل گلوکار کا اعلان کر دیا

کرکٹ کے دیوانے جہاں پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کا بےچینی سے انتظار کر رہے ہیں وہیں اس لیگ کے آفیشل ترانے کے لیے بھی بے حد پرجوش ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا جو 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے میدانوں میں سجے گا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی مداحوں میں یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ پی ایس ایل کا نیا اینتھم کون گائے گا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس انتظار کو ختم کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کر دیا ہے کہ پی ایس ایل 10 کے آفیشل ترانے کو ایک بار پھر علی ظفر اپنی آواز سے سجا رہے ہیں۔

پی ایس ایل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے ایک پوسٹر میں علی ظفر کو نقاب میں دکھایا گیا جس نے شائقین میں مزید تجسس پیدا کر دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ علی ظفر اس بار کیا نیا لے کر آ رہے ہیں، لیکن کرکٹ اور موسیقی کے شوقین مداحوں کی توقعات آسمان کو چھو رہی ہیں!