محکمہ سیاحت کی غفلت: وادی لیپہ میں ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس بھی موجود نہیں

وادی لیپہ : آزاد کشمیر کی خوبصورت ترین وادی، وادی لیپہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے جہاں برف پوش پہاڑ، سرسبز میدان، چشمے اور گھنے جنگلات اس وادی کو جنت نظیر بناتے ہیں۔ تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے اس جنت نظیر وادی میں سیاحت کے فروغ کے لیے آج تک کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

وادی میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی کے باعث یہاں آنے والے سیاحوں کو شدید ترین مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ سیاحت کی عدم توجہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پوری وادی میں محکمہ سیاحت کا ایک بھی گیسٹ ہاؤس، ہوٹل یا ریسٹ ہاؤس موجود نہیں ہے۔

چننیاں پارک کی صورتحال اور انتظامی غفلت:

وادی لیپہ کا مشہور سیاحتی مقام چننیاں پارک، جس کی تعمیر نو پاک فوج نے اپنی مدد آپ کے تحت کی تھی، محکمہ سیاحت کی غفلت کا شکار ہے۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے اس اہم پارک کی دیکھ بھال کے لیے آج تک ایک بھی ملازم تعینات نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں پارک کی خوبصورتی دن بہ دن ماند پڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں 3 خوفناک آتشزدگیاں،تاجرحکومتی امداد کے منتظر:شوکت جاوید میر

سیاحت کے فروغ میں پاک فوج کا کلیدی کردار:

مقامی لوگوں کے مطابق پاک فوج نے ہمیشہ وادی لیپہ میں ٹورازم کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وادی میں سڑکوں کی بہتری کا کام ہو یا سیاحتی مقامات کی بحالی کا معاملہ، پاک فوج ہمیشہ ان امور میں پیش پیش رہی ہے اور خطے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

اہلیان وادی لیپہ کا حکومت سے مطالبہ:

اہلیان وادی لیپہ نے حکومت آزاد کشمیر سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سیاحت کو فعال کیا جائے اور وادی لیپہ میں سرکاری گیسٹ ہاؤسز قائم کیے جائیں۔ اس کے علاوہ چننیاں سمیت دیگر پارکس کے لیے فوری طور پر عملہ تعینات کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور وادی لیپہ کو سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام مل سکے۔ عوام کی موجودہ حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔