حکومت لانگ مارچ سے بلیک میل نہیں ہوگی، خواجہ آصف کا اعلان

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خوش فہمی ہے کہ لانگ مارچ کر کے بلیک میل کر سکے گی، حکومت کسی صورت ان سے بلیک میل نہیں ہو گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت لانگ مارچ کرنے والوں کے دباؤ میں آکر کوئی ریلیف نہیں دے گی، تحریک انصاف صوبے کا خیال رکھے اور دہشتگردوں کی حمایت ترک کرے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی موجودہ قیادت تصادم چاہتی ہے ،قمر زمان کائرہ

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہوا ہے۔ اور اگر یہ بلیک میل کریں گے تو مستقبل میں بانی کے لیے کوئی ریلیف نظر نہیں آئے گا اور حکومت ان کو دباؤ میں آکر کوئی ریلیف نہیں دے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ان کی روایت بن گئی ہے کہ ہر دو تین ماہ بعد اسلام آباد پر حملہ آور ہوں۔ مجھے کالعدم ٹی ٹی پی کا ان کے سرپرستوں کے خلاف پی ٹی آئی کا ایک بیان دکھا دیں۔

انہوں نے کہا کہ کابل کے حکمران ٹی ٹی پی کے سرپرست ہیں اور ان کے خلاف پی ٹی آئی کو کوئی بیان موجود نہیں ہے۔ یہ دہشتگردوں کو فنانس کرتے ہیں اسے بھتہ کہہ لیں یا خوشی کے ساتھ دینا کہہ لیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ دہشتگرد خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دندناتے پھر رہے ہیں اور صوبائی حکومت کی ان اضلاع میں رٹ نہیں، کیا موجودہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی وہاں پر موجود نہیں، یہ پاکستان کے خلاف بدیانتی کی حد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر واپس گھر جائیں اور اپنے صوبے کا خیال رکھیں جبکہ دہشتگردوں کی فنانس بند کر کے ان کی حمایت ترک کریں اور بھول جائیں گے گن پوائنٹ پر یہ اپنے مطالبات ہم سے منوائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کو نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا نواز شریف کے ساتھ پرانا تعلق ہے اور سیاست اپنی اپنی لیکن تعلق کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں کردار ادا کریں۔