میرپور: کشمیر کے باشعور اور غیور عوام نے عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا عزم ظاہر کیا ہے۔ چار اکتوبر کو عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال اور کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کی کال دی گئی تھی، تاہم اس کے برعکس میرپور میں کشمیر پریمیئر لیگ (KPL) کے زیر اہتمام فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کے انعقاد کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب اور پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
فٹبال ٹورنامنٹ کا شیڈول اور ٹیمیں:
کشمیر پریمیئر لیگ کے زیر اہتمام یہ فٹبال ٹورنامنٹ رواں ماہ کی 8، 9 اور 10 تاریخ کو میرپور میں منعقد ہوگا، جس میں خطے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں لداخ، سری نگر، جموں، پونچھ، میرپور اور مظفرآباد کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی، جو نوجوانوں کے لیے ایک شاندار اسپورٹس ایونٹ ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب اور رہنماؤں کے خیالات:
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انور خطاب نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں، جبکہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کو مثبت سمت فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی : آزاد کشمیر میں کرکٹ ٹرائلز کا باضابطہ شیڈول جاری
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے پلیٹ فارم سے فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کے عوام کے درمیان محبت، بھائی چارے اور باہمی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر انور خطاب کا کہنا تھا کہ میرپور ایک خوبصورت شہر اور مہمان نواز لوگوں کی سرزمین ہے، جہاں بڑے کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد سماجی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا ایک زبردست ذریعہ بن سکتا ہے۔ مختلف علاقوں سے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی آمد سے ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری شعبوں کو بھی زبردست فروغ ملے گا۔




