میئر میرپور کی کوششیں رنگ لے آئیں، کونسلر عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر کے درمیان تنازع حل

میرپور (آصف اقبال، کشمیر ڈیجیٹل) میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان علی کی خصوصی کوششوں  سے اہم تنازعہ حل کرلیا گیا۔

کشمیر ڈیجیٹل رپورٹ کے مطابق کونسلر و اپوزیشن لیڈر چوہدری عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت کے درمیان جاری تنازع باہمی گفت و شنید، افہام و تفہیم اور مثبت طرزِ عمل کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔

میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان علی کی زیرِ کوشش ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی، جس میں میونسپل کارپوریشن کے منتخب نمائندگان، افسران اور ملازمین کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ملاقات کا بنیادی مقصد چوہدری عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرکے ادارے کے اندر خوشگوار ماحول اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

ملاقات میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راجہ شیراز خان، کونسلر عمران منیر، کونسلر چوہدری ناصر، کونسلر میر فاروق، کونسلر چوہدری ارشد، مجسٹریٹ چوہدری مختار اور ایکسین شاہ ذیب کرامت سمیت میونسپل کارپوریشن کے دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ تعلیم: تقرریوں، تبادلوں پر تاحکم ثانی دوبارہ پابندی عائد

اس موقع پر تنظیمِ بلدیہ کے صدر راحیل احمد بٹ، جنرل سیکرٹری الیاس جرال، نگران مرزا ظفر اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران کونسلر و اپوزیشن لیڈر چوہدری عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے مسئلے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ادارے کے اندر پیدا ہونے والے معاملات کو باہمی مشاورت، تحمل اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے

تاکہ کسی بھی اختلاف کو ادارے کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہونے سے روکا جا سکے۔

گفت و شنید کے بعد دونوں فریقین نے مثبت طرزِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی افہام و تفہیم سے معاملات کو آگے بڑھانے اور آئندہ بھی کسی اختلاف کی صورت میں باہمی مشاورت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر موجود شرکاء نے میئر چوہدری عثمان علی کی جانب سے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن میرپور کے امور کو باہمی تعاون، رواداری، برداشت اور ادارے کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے گا۔

شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ منتخب نمائندگان، افسران اور ملازمین کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی احترام ہی ادارے کی بہتر کارکردگی کی بنیاد ہیں۔

ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے خاتمے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے اندر ایک مثبت اور سازگار ماحول کے قیام کی امید پیدا ہوئی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کسی بھی ادارے میں فطری امر ہے، تاہم اسے ذاتی یا ادارہ جاتی کشیدگی میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے مذاکرات اور باہمی مشاورت کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ میونسپل کارپوریشن میرپور کے تمام امور منتخب نمائندگان اور افسران باہمی تعاون سے انجام دیں گے اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔

یوں میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان علی کی کوششوں سے چوہدری عبدالرزاق اور چوہدری بشارت کے درمیان جاری تنازع کا خاتمہ ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،

جس سے نہ صرف میونسپل کارپوریشن کے اندر بہتر روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی اور شہری امور کی انجام دہی میں بھی بہتری آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔