آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ہائیکورٹ کی جانب سے ایک پروقار افطار ڈنر اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، ہائیکورٹ کے ججز جسٹس شاہد بہار، جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جسٹس خالد رشید چوہدری، رجسٹرار ہائیکورٹ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ضلع قاضی صاحبان، ممبران بار کونسل، سپریم کورٹ بار، ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے جسٹس میاں عارف حسین کو کامیاب سروس کی تکمیل پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین کا کیرئیر مسلسل محنت اور جدوجہد سے عبارت ہے اور ان کی خدمات عدلیہ کے وقار میں اضافے کا باعث بنیں۔

جسٹس میاں عارف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اللہ کے خاص کرم سے اس مقام تک پہنچے۔ انہوں نے محنت و لگن سے فیکٹری میں کام کیا اور تعلیم حاصل کی اور مسلسل جدوجہد کے بعد ہائیکورٹ کے جج کے منصب تک پہنچے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور جوڈیشل افسران کی عزت افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جج ہائیکورٹ جسٹس شاہد بہار نے خطاب میں جسٹس میاں عارف حسین کو انتہائی تحمل مزاج اور بردبار شخصیت قرار دیا اور کہا کہ ان کی خدمات آنے والے ججز اور وکلاء کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

جج ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد اعجاز خان نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین نے فیکٹری میں کام سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور مسلسل محنت و لگن کے باعث ہائیکورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

Scroll to Top