وادیٔ لیپ(کشمیر ڈیجیٹل) جدید دور کی تیز رفتار زندگی اور بدلتے ہوئے معاشرتی رجحانات کے باوجود وادیٔ لیپا میں شادی بیاہ سے جڑی کئی قدیم اور روایتی رسومات آج بھی اپنی اصل شکل میں زندہ ہیں۔
یہاں شادی محض دو افراد کے رشتے میں بندھنے کا نام نہیں بلکہ خاندان، برادری اور مقامی ثقافت کو یکجا کرنے والی ایک ایسی تقریب ہے جس میں نسل در نسل منتقل ہونے والی روایات نمایاں نظر آتی ہیں۔
وادیٔ لیپا میں شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مہندی کی رات سے ہوتا ہے۔ ڈھول کی تھاپ، مقامی دھنوں اور روایتی پہاڑی رقص کے ساتھ شادی کی خوشیوں کا آغاز کیا جاتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فسادی جتھے کے پُرامن ہونے کا دعویٰ جھوٹا ثابت، کوٹلی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی
نوجوان اور بزرگ اس تقریب میں شریک ہوکر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ گھروں میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوجاتا ہے۔
شادی کے روز بارات روانہ ہونے سے قبل ایک اہم اور منفرد روایت ادا کی جاتی ہے۔ بارات روانگی سے پہلے دلہا اور اہل خانہ قبرستان جاتے ہیں اور اپنے مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔
اس روایت کے ذریعے خوشی کے موقع پر اپنے بچھڑ جانے والے عزیزوں کو بھی یاد کیا جاتا ہے اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی جاتی ہے۔
فاتحہ خوانی کے بعد بارات دلہن کے گھر کی جانب روانہ ہوتی ہے۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور قدرتی مناظر سے گزرتی بارات جب دلہن کے گھر پہنچتی ہے تو وہاں شادی کی دیگر روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کال مسترد ،زندگی رواں دواں
نکاح کی تقریب عام طور پر ایک سادہ سے کمرے میں منعقد ہوتی ہے۔ محدود وسائل کے باوجود اس موقع پر خوشی اور اپنائیت کی فضا نمایاں ہوتی ہے۔ نکاح کے بعد دعا کی جاتی ہے اور شرکا میں مٹھائی تقسیم کی جاتی ہے۔
نکاح کی تکمیل کے بعد دلہن کو روایتی انداز میں ڈولی میں بٹھایا جاتا ہے۔ وادیٔ لیپا کے دشوار گزار پہاڑی راستوں میں ڈولی کا یہ سفر شادی کی تقریب کا ایک اہم اور یادگار حصہ سمجھا جاتا ہے۔
دلہن کو ڈولی میں سوار کرکے دولہے کے گھر لے جایا جاتا ہے، جہاں اہل خانہ اور رشتہ دار روایتی انداز میں اس کا استقبال کرتے ہیں۔دولہے کے گھر پہنچنے پر دلہن کے استقبال کے لیے پھول، مٹھائی اور اخروٹ نچھاور کیے جاتے ہیں۔
یہ روایتی استقبال نہ صرف خوشی کے اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ مقامی ثقافت میں نئی آنے والی دلہن کو خاندان کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہنے کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
وادیٔ لیپا کی شادی کی تقریبات میں ایک اور منفرد روایت بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ روایتی طور پر دلہن کے بھائی یا اس کے وارث کی جانب سے گائے، بھینس یا بکری جیسے جانور کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
جسے دلہن کے نام تحفے کے طور پر دیا جاتا ہے۔ مقامی معاشرت میں اس روایت کو دلہن کے لیے تحفے اور اس کے مستقبل سے وابستہ ایک روایتی رسم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی تواضع بھی مقامی ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ وادیٔ لیپا کے روایتی دیسی کھانے مہمانوں کے لیے پیش کیے جاتے ہیں، جن کے ذریعے مقامی ذائقوں اور طرزِ خوراک کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔
دور دراز علاقوں سے آنے والے مہمانوں کے لیے یہ روایتی کھانے شادی کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ وادی کی ثقافتی شناخت سے روشناس ہونے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔
وادیٔ لیپا میں شادی بیاہ کی یہ رسومات اس خطے کی سادگی، روایتی طرزِ زندگی اور مضبوط خاندانی اقدار کی عکاس ہیں۔ جدید دور میں جہاں شادی کی تقریبات کے انداز تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں
وہیں وادیٔ لیپا کے دور افتادہ علاقوں میں آج بھی کئی قدیم رسومات نہ صرف برقرار ہیں بلکہ نئی نسل تک منتقل بھی ہورہی ہیں۔
یہ روایات محض شادی کی تقریبات کا حصہ نہیں بلکہ وادیٔ لیپا کی ثقافتی شناخت، خاندانی وابستگی اور اجتماعی زندگی کی ایک زندہ تصویر ہیں،
جو بدلتے وقت کے باوجود مقامی لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔




