فتنہ الہندوستان

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے ايڈک میں سکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خیبر پختونخوا میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے سلسلے میں عزم استحکام فریم ورک کے تحت عمل میں لائی گئی۔

خفیہ اطلاع پر کارروائی اور دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ:

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کامیاب آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے، جس سے علاقے میں عسکریت پسندوں کی کارروائی کرنے کی صلاحیت مزید محدود ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مند :سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایران فرار ہونے کی کوشش ناکام، ایک دہشتگرد ہلاک

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کوششیں پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ وزیر داخلہ نے عسکریت پسندوں اور دہشت گردی کے خلاف فورسز کی جاری کوششوں کے ساتھ حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔