نیشنل سیونگز اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل سیونگز اسکیموں میں کی جانے والی سرمایہ کاری پر منافع کی شرح میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے وزارتِ خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم سے ملک بھر کے لاکھوں سرمایہ کاروں کو مالی فائدہ پہنچے گا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اسکیموں پر منافع کی نئی شرح کا تعین کر دیا گیا ہے جس میں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 19 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہےاور جس کے بعد اس اسکیم کا نیا ریٹ 11.80 فیصد مقرر ہو گیا ہے۔ اسی طرح بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس اور پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس کے منافع میں 12 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے، اور اب ان اسکیموں کا نیا منافع 12.72 فیصد ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل سیونگز 1500 روپے پرائز بانڈ زکی قرعہ اندازی رواں ماہ ہو گی

مختلف اسکیموں کے نئے ریٹس اور تفصیلات:

وزارتِ خزانہ کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹس کے منافع میں 60 بیسس پوائنٹس کا نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جس سے نیا ریٹ 11.76 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں 74 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 11.82 فیصد منافع ملے گا۔ دوسری جانب سروہ اسلامک ٹرم اکاؤنٹ کے 3 سالہ پلان کے منافع میں 41 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کر کے نیا ریٹ 11.57 فیصد اور اسی اکاؤنٹ کے 5 سالہ پلان کے منافع میں 54 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کر کے نیا ریٹ 11.70 فیصد مقرر کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ان تمام تبدیلیوں کا باضابطہ نفاذ نئے نوٹیفکیشن کے ذریعے کر دیا گیا ہے۔