سردی دستک دے رہی ہے، محکمہ موسمیات نے اکتوبر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر کشمیر ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں اچھی بارش متوقع ہے۔
درجہ حرارت میں کمی اور پہاڑوں پر برفباری:
عرفان ورک نے بتایا کہ ان بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی جبکہ بلند پہاڑی سلسلوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ اس کے برعکس، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان
دوسری جانب پنجاب میں رواں سال مون سون سیزن اب اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جن میں راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں 1316، سیالکوٹ میں 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مون سون سیزن کے دوران نقصانات اور صورتحال:
پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال کسی بڑے دریا میں بڑے سیلاب کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس کی وجہ سے سیلاب سے 83 موضع جات اور 43 ہزار 188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ مجموعی طور پر 1215 گھر بھی متاثر ہوئے۔
ادارے کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ مون سون بارشوں کے باعث 224 مکانات کو نقصان پہنچا اور 21 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔




