بھمبر: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے بھمبر میں دانش سکول سسٹم کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے منصوبے کی پیش رفت، تعلیمی سہولیات اور دیگر امور کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی محرومیوں کا ازالہ کرینگے، افسران گڈگورننس برقرار رکھیں،وزیراعظم گیلانی
پروجیکٹ انتظامیہ نے بتایاکہ 86 فی صدکام مکمل ہو چکاہے۔فروری کوکلاسز شروع کرنے کا عندیہ دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزراء حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور، ثاقب مجید اور ایڈووکیٹ عمیر نعیم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول سسٹم آزاد کشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکول سسٹم کے قیام کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے خطے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
وزیراعظم نے دانش سکول سسٹم کی پوری ٹیم کو منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے مبارکباد بھی دی۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ دانش سکول سسٹم متوسط طبقے کے بچوں کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولت ثابت ہوگا، جہاں طلبہ کو جدید تعلیمی ماحول اور بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بہتری اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھمبر میں دانش سکول سسٹم کا قیام سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی تحریک کا نتیجہ ہے، جس سے ضلع بھمبر کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:دانش سکولوں کی تعمیر، وزیراعظم افتخار گیلانی کو بریفنگ، سہولیات فراہمی کا فیصلہ
وزیراعظم نے دانش سکول سے ملحقہ آبادی کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آبادی کی ضروریات کا جائزہ لینے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سپیکر چوہدری طارق فاروق اور وزراء حکومت نے بھی منصوبے کی پیش رفت اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کے حوالے سے گفتگو کی۔تمام ترتعاون دینے کا اعلان کیا۔




