تہران (کشمیر ڈیجیٹل)ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو ایئرپورٹس سروسز اور پروازوں سے روکا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی اس سہولت سے محروم ہوں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکی پابندیوں کے بعد متعدد ممالک نے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں محدود یا معطل کر دی ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹس کی سروسز حاصل کرنے پر پابندیاں برقرار رہیں تو خطے کے کسی ملک کو بھی یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہ ایرانی عوام امریکا کی دشمنی پر مبنی پالیسیوں پر عمل درآمد میں اس کا ساتھ دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یو اے ای نے ایران کی تمام ایئرلائنز کی پروازیں معطل کر دیں
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ایران کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ ’خطے میں پروازیں یا تو سب کیلئے کھلی ہوں گی یا پھر کسی کے لیے نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی اور انہیں ایئرپورٹس سروسز حاصل کرنے کی سہولت سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی ان سہولیات سے محروم رہیں گے۔
محمد مخبر کا بیان ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے حالیہ دنوں میں گئے بیان سے ملتا جلتا ہے۔
محسن رضائی نے بدھ کو خبردار کیا تھا کہ اگر پڑوسی ممالک امریکا کی ایران کے خلاف پابندیوں کی مہم میں تعاون کریں گے تو یاد رکھیں کہ ان کے اپنے ایئرپورٹس بھی معمول کے مطابق کام نہیں کر سکیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا بجلی تاروں کا جھنجھٹ ختم کرنے کیلئے موثر میکنزم بنانے کی ہدایت
انہوں نے پڑوسی ممالک کو امریکی کی فوجی کارروائیوں میں بھی شامل نہ ہونے کی دھمکی دی تھی۔واضح رہے کہ عمان، آذربائیجان اور جارجیا سمیت چند دیگر ممالک نے امریکی پابندیوں کے بعد ایرانی ایئرلائنز پر پابندی عائد کی ہے۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات نے بھی اپنے ایئرپورٹس پر ایرانی ایئرلائنز کی آمدورفت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔عراق نے بھی نجف، اربیل اور سلیمانیہ ایئرپورٹس پر ایران سے آنے والی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ اس پابندی کے بعد ایران کا پڑوسی ملک عراق کے ساتھ فضائی رابطہ معطل ہوگیا ہے۔
عراق میں واقع ایرانی سفارت خانے نے بھی اس معاملے پر ایک بیان میں کہا کہ ’اہلِ تشیع کے پہلے امام کا مزار نجف میں واقع ہے جہاں کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے سب سے بڑے شیعہ ملک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔‘



