آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب : ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر نئے صدر منتخب

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جہاں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بطور پریزائیڈنگ افسر ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کی۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابی اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور ممبر اسمبلی ماجد خان کے درمیان بحث مباحثہ بھی ہوا۔ اسپیکر چوہدری طارق فاروق کی ہدایت پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بطور پریزائیڈنگ افسر ووٹنگ کا عمل شروع کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر محمد نجیب نقی 46 رکنی ایوان میں 32 ووٹ حاصل کر کے آزاد کشمیر کے نئے صدر ریاست منتخب ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کے صدر منتخب ہونے کے بعد ارکان اسمبلی کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ نومنتخب صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کی حلف برداری آج ہوگی، اور وہ آج شام 5 بجے اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر کی حلف برداری کی یہ تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوگی، جہاں چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکرم نومنتخب صدر سے حلف لیں گے۔ اس پروقار تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مظفرآباد میں ہونے والی اس تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، ججز، بیوروکریٹس اور دیگر اہم شخصیات کی بھی شرکت متوقع ہے۔