آزاد کشمیر صدارتی انتخاب: قانون ساز اسمبلی میں پولنگ کی اہم تفصیلات

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کے صدارتی انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔پولنگ کا آغاز ایل اے ون میرپور سے ہوا، جہاں میرپور ڈڈیال سے منتخب رکن اسمبلی چوہدری اظہر صادق نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کے درمیان مقابلہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے صدارتی انتخابات کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

پولنگ کے دوران اظہر صادق، چودھری یاسر سلطان، چودھری رخسار، وقار احمد نور، محمد رزاق، ظفر اقبال ملک، عمیر نعیم، چودھری محمد یاسین، محمد آصف، راجہ ریاست، ایاز احمد، ساجد اقبال عباسی، ضیاء القمر، سردار میر اکبر خان، فیصل ممتاز راٹھور، شاہ غلام قادر، میاں وحید، نورین عارف، بازل نقوی، سردار مختار عباسی، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، ثاقب مجید راجہ، راجہ فاروق حیدر، دیوان علی چغتائی، ناصر حسین ڈار، چودھری محمد اسماعیل، محمد احسن رضا، مریم جاوید، ذیشان علی، راجہ محمد صدیق، عامر عبدالغفار، محمد عامر شاہ، سید شوکت علی شاہ، محمد یاسین لون، احمد رضا قادری، عبدالماجد خان، سحرش قمر، فرزانہ یعقوب، مریم ادریس، مریم زمان، زوبیہ خورشید، چودھری عبدالرحمان آرائیں، محمد مظہر سعید اور وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سمیت ارکان اسمبلی نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

اس طرح اب تک 44 ووٹ پول ہو چکے ہیں۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری طارق فاروق نے تاحال اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ اسپیکر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگر دونوں صدارتی امیدواروں کے ووٹ برابر ہوجائیں اور ٹائی کی صورت پیدا ہو تو وہ اپنا ووٹ استعمال کریں گے۔

صدارتی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی چودھری قاسم مجید تاحال اسمبلی میں موجود نہیں تھے، جس کے باعث ان کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر کے مطابق صدارتی انتخاب کی پولنگ میں وقفہ نہیں کیا جا سکتا، اس لیے چودھری قاسم مجید کی آمد کے لیے مقررہ وقت یعنی دوپہر ایک بجے تک انتظار کرنا ہوگا۔

پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔