نومنتخب صدر آزاد کشمیر آج ہی اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں نئے صدر کے انتخاب کا آئینی مرحلہ آج شروع ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس جاری ہے۔

اسپیکر چودھری طارق فاروق اس اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی بھی اسمبلی اجلاس میں موجود ہیں۔

صدارتی انتخاب کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جہاں سیکرٹری الیکشن کمیشن پریذائیڈنگ آفیسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور سیکرٹری اسمبلی نے انتخاب کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس صدارتی انتخاب میں چھیاسی رکنی ایوان کے ارکان اپنے نئے صدر کا انتخاب کریں گے، جن میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور چودھری لطیف اکبر صدارتی امیدوار کے طور پر آمنے سامنے ہیں اور ان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

ارکان اسمبلی صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔صدارتی انتخاب کے اس مرحلے کے فورا بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور حتمی نتیجے کا اعلان کیا جائے گا۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق آج ہی نومنتخب صدر آزاد کشمیر کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی، جہاں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نومنتخب صدر سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔

نومنتخب صدر آج ہی اپنے آئینی منصب کی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر سنبھالیں گے۔