آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری

آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے آج قانون ساز اسمبلی ہال میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کے تمام تر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

قانون ساز اسمبلی کے اندر اور باہر انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جہاں ارکان اسمبلی اپنے نئے صدر کا انتخاب کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کا نیا صدر کون؟ نجیب نقی اور لطیف اکبر میں مقابلہ،انتخاب آج ہوگا

آج ہونے والے اس صدارتی انتخاب میں دو اہم نام سامنے آئے ہیں۔ ایک طرف مسلم لیگ نون کی طرف سے سینئر سیاستدان ڈاکٹر نجیب نقی کو صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینئر سیاستدان، سابق سپیکر اسمبلی، سابق وزیر خزانہ اور سابق قائم مقام صدر چوہری لطیف اکبر کو پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

یہ انتخاب قانون ساز اسمبلی کے اندر صبح دس بجے سے لے کر دوپہر ایک بجے تک جاری ہے، جس میں ریاست کے 46 ارکان اسمبلی اپنے ووٹ کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب عمل میں لائیں گے۔ اس سلسلے میں قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس جاری ہے جہاں اراکین اسمبلی اور وزیراعظم آزاد کشمیر مقررہ وقت کے مطابق اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے قانون ساز اسمبلی پہنچ چکے ہیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔