آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پولنگ 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کشمیر کونسل کے ان اراکین کی خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابی عمل کا اعلان کیا ہے جن کی مدت 18 ستمبر 2026 کو پوری ہو گئی ہے۔ ان اراکین میں خواجہ طارق سعید، شجاع راٹھور، محمد رزاق اور یونس میر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے “ستھرا کشمیر پروگرام” کے لیے ایک ارب 62 کروڑ کا پی سی ون ارسال
جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی یکم اکتوبر 2026 کو صبح نو سے دن دو بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن (ریٹرننگ افسر) کے دفتر میں جمع کرائے جائیں گے۔ اس کے بعد 2 اکتوبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ 5 اکتوبر کو کاغذات کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ ان اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر کو ہوگی اور 9 اکتوبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ انتخابی عمل کے آخری مرحلے میں 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ووٹنگ کریں گے۔
واضح رہے کہ کشمیر کونسل کل 15 اراکین پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں وزیراعظم پاکستان بلحاظِ عہدہ چیئرمین، صدرِ ریاست وائس چیئرمین، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیرِ امورِ کشمیر(Ex-officio) اراکین ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان پارلیمنٹ سے چھ اراکین کا انتخاب کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد اس کونسل کے اختیارات کو محدود کرتے ہوئے آزاد کشمیر اسمبلی اور حکومت کو زیادہ بااختیار اور مضبوط بنایا گیا تھا۔




