مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سرکاری اداروں میں بھرتیوں کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر مقرر ، توسیع نہیں ہوگی۔۔
مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ اشتہار نمبر 2026/2 کے تحت آسامیوں کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر 2026ء رات 12 بجے مقرر ہے اور اس تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپوربورڈ کی طلباء کو 45 دن کے اندر اعتراض خاتمے کیلئے رجوع کرنے کی ہدایت
پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو امیدوار مذکورہ اشتہار کے تحت درخواستیں جمع کرانے کے خواہشمند ہیں، وہ مقررہ تاریخ اور وقت تک ہر صورت اپنی آن لائن درخواستیں جمع کرا دیں۔
اعلامیے کے مطابق ایسے امیدوار جنہوں نے کمیشن کے جاری کردہ شیڈول نمبر PSC/امتحانات/35-2125/2026 مورخہ 9 ستمبر 2026ء کے مطابق ٹیسٹوں میں شرکت کرنی ہے، وہ 28 ستمبر 2026ء صبح 10 بجے تک اپنے کال لیٹرز آن لائن لازماً ڈاؤن لوڈ کر لیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دفاتر کے چکر ختم، شہری آن لائن مختلف سروسز سےمستفید ہونگے،وزیراعظم
پبلک سروس کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ تاریخ اور وقت کے بعد کمیشن کی ویب سائٹ ترقیاتی کام/مینٹیننس کے باعث ایک ہفتے یا اس سے زائد عرصے کے لیے بند رہنے کا امکان ہے، جس کے بارے میں پہلے بھی امیدواروں کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔
تاہم جن امیدواروں کو مقررہ وقت تک کال لیٹر بذریعہ ڈاک موصول نہ ہوا ہو یا جو آن لائن کال لیٹر ڈاؤن لوڈ کرنے میں ناکام رہیں، وہ دفتری اوقات کار کے دوران دفتر پبلک سروس کمیشن، واقع جلال آباد، مظفرآباد سے کال لیٹر حاصل کرکے امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔




