صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی فیصلوں اور سیاسی نشیب و فراز پر کارکن مطمئن رہیں کیونکہ یہ جماعت کی اپنی حکومت ہے اور تمام امور باہمی مشورے سے چلائے جائیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے اس بات پر زور دیا کہ سیاست میں اتار چڑھاو اور فیصلے آتے رہتے ہیں، جو کہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں غازی ملت سردار ابراہیم خان جیسی قدآور شخصیت کے ساتھ بھی ایسے فیصلے ہوئے، اور غازی ملت کوئی چھوٹے آدمی نہیں تھے۔ اسی طرح سردار محمد عبدالقیوم خان اور پی ٹی آئی میں سردار محمد یعقوب خان کے ساتھ بھی ایسا معاملہ پیش آ چکا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی میں چوہدری محمد یاسین کے ساتھ بھی یہی صورتحال رہی ہے، اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔
نئے رہنماؤں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار اور تعاون کا عزم:
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ ابھی تو ہم دعا گو ہیں کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کامیاب ہوں اور ان کو جو بھی مسائل درپیش ہیں، ان کو حل کرنے میں ہم ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ان شاء اللہ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن مزید مضبوط ہو کیونکہ اگر حقیقی معنوں میں آزاد کشمیر میں کسی جماعت نے تعمیر و ترقی کی ہے تو وہ مسلم لیگ نون ہی ہے۔ انہوں نے پختہ عزم ظاہر کیا کہ افتخار گیلانی ایک اچھی گورنمنٹ کریں گے اور ان کے ساتھ جو وزراء ہیں وہ بھی بھرپور طریقے سے کام کریں گے، جبکہ ان کا اپنا تعاون بھی ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اختلاف رائے کیا ،افتخار گیلانی ہمارے عزیز،ساتھ کھڑے ہیں،شاہ غلام قادر
کارکنوں کے لیے تسلی اور جماعت کی حکومت کا تسلسل:
کارکنان کو پرامید رہنے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکن بالکل مطمئن رہیں کیونکہ یہ ہماری اپنی جماعت کی حکومت ہے اور قیادت خود کارکنوں کے در پر حاضر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام فیصلے اور امور کارکنوں اور قائدین کے باہمی مشورے سے ہی طے پائیں گے تاکہ پارٹی مزید فعال اور متحد ہو سکے۔




