مظفرآباد : ملک بھر کی طرح آزادی پسند کشمیری تنظیم پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام بھی یوم پاکستان منایا گیا۔ اس سلسلے میں دارالحکومت کے گھڑی پن چوک میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستان و کشمیر کے جھنڈے لہرا کر مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔
کشمیری عوام نے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر “پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ”، بانیانِ پاکستان، شہدائے پاکستان اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت کے پیغامات درج تھے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے “جیوے جیوے پاکستان”، “پاکستان زندہ باد” اور “مردہ باد ہندوستان” کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔
ریلی کی قیادت پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، مہاجرین راہنماؤں راجہ محمد عارف خان، چوہدری فیروز الدین، چوہدری محمد اسماعیل، محمد اسحاق شاہین اور دیگر راہنما کر رہے تھے۔
مقررین نے خطاب میں کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام بانیانِ پاکستان، شہدائے پاکستان و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح اور مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبال کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ مملکت کے قیام کے لیے عظیم جدوجہد کی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی جبر سے آزادی حاصل کر کے پاکستان کا حصہ بنے گا اور کشمیری عوام پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔




