سکیورٹی فورسز

ہنگو ، سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،8 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ صوبے میں جاری مختلف کارروائیوں کے دوران 2 افسران سمیت 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ہنگو کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فورسز نے فوری کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسزکی قلات میں بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 2 افسران سمیت 6 سکیورٹی اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3: پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔