تتا پانی : آزاد جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں معیاری تعلیم کے فروغ اور سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کے داخلے کو یقینی بنانے کے لیے بوائز ہائیر سیکنڈری سکول منڈہول سے منڈہول بازار تک داخلہ مہم کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی واک میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پونچھ بابر ایاز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر پونچھ عباسپور سردار نجیب احمد، پرنسپل بوائز ہائیر سیکنڈری سکول منڈہول شکیل احمد سمیت اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بابر ایاز نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سردار نجیب احمد نے کہا کہ پرائمری سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی موثر رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے جس کے باعث عوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
پرنسپل بوائز ہائیر سیکنڈری سکول منڈہول شکیل احمد نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو اسی سرکاری تعلیمی ادارے میں داخل کروایا ہےکیونکہ یہ ادارے ہمارے اسلاف کی میراث ہیں جنہیں بہتر بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروائیں تاکہ انہیں معیاری تعلیم میسر آ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم: ملین سمائلز فاؤنڈیشن کا بڑا فلاحی اقدام، پاک فوج کے تعاون سے راشن تقسیم
شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تو نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ طلباء کی صلاحتیں نکھارنے کے لیے دوررس نتائج برآمد کیے جاسکتے ہیں۔