ریڈزون

اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج، ریڈزون سیل کرنے کا عمل تیز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو سیل کرنے اور اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سرینا چوک سمیت مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور متعدد راستوں کی بندش شروع کردی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ریڈزون،زیروپوائنٹ تک ایکسپریس وے ٹریفک کیلئے بند، ایڈوائزری جاری

سکیورٹی انتظامات کے تحت کنٹینرز کو اس انداز میں نصب کیا جارہا ہے کہ انہیں آسانی سے ہٹانا ممکن نہ ہو۔

سرینا چوک پر موجود کنٹینرز کو لوہے کی سلاخوں اور پتریوں کے ذریعے آپس میں جوڑا جارہا ہے جبکہ انہیں مزید مضبوط بنانے کیلئے ویلڈنگ بھی کی جارہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد ممکنہ احتجاج یا مارچ کی صورت میں رکاوٹوں کو اپنی جگہ برقرار رکھنا ہے۔

ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی دیواریں قائم کرنے کے بعد ان کے پیچھے مزید کنٹینرز بھی رکھے جارہے ہیں، جس کے باعث اہم علاقوں تک رسائی مزید محدود ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات کے اطراف سکیورٹی اقدامات میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدامات ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر کیے جارہے ہیں۔

سکیورٹی انتظامات سخت کیے جانے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا بھی امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ امریکا، وفد مزید محدود کر دیا گیا

حکام کی جانب سے صورتحال کے مطابق مزید سکیورٹی اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔