مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)کیڈٹ کالج مظفرآباد میں منعقدہ تین روزہ سپورٹس گالا اختتام پذیر ہوگیا۔
آخری روز مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر حکومت راجہ ثاقب مجید تھے۔
اس موقع پر وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عسرت محمود ستارۂ امتیاز (ملٹری) کو پہلی مرتبہ کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے تجویز دی کہ طلبہ کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی غرض سے ایسے کھیلوں کے مقابلے سال میں کم از کم دو مرتبہ منعقد کیے جائیں۔
راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی بہتری اور طلبہ کے لیے کھیلوں سمیت دیگر صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عسرت محمود ستارۂ امتیاز (ملٹری) نے مہمان خصوصی راجہ ثاقب مجید کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بارسلونا : انڈس ہسپتال کیلئےفنڈریزنگ، معروف اداکار نعمان اعجاز کی شرکت
انہوں نے کہا کہ کالج میں صحت مند سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مستقبل میں سپورٹس گالا کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ کیڈٹس اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کو کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے کھیلے گئے۔

سپورٹس گالا کے مقابلوں میں کرکٹ کی ٹرافی کیڈٹ کالج پلندری، فٹ بال ماڈل سائنس کالج مظفرآباد، والی بال کیڈٹ کالج پلندری، ٹیبل ٹینس کیڈٹ کالج مظفرآباد جبکہ بیڈمنٹن کی ٹرافی ماڈل سائنس کالج مظفرآباد نے اپنے نام کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ :تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن، سردار ساجد اقبال کے گھر کے قریب تعمیر دیوار مسمار
مجموعی طور پر سب سے زیادہ مقابلے جیتنے پر کیڈٹ کالج پلندری کو سپورٹس گالا کا چیمپئن قرار دیا گیا۔
سپورٹس گالا میں مختلف علاقوں سے آنے والے طلبہ نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی انتظامیہ کی جانب سے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ایسے پروگراموں کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ اور فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں، انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔




