خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکے کے باعث 5 پولیس اہلکاراور 11 شہری شہید ہوگئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ ایک خود کش حملہ آور نے پولیس لائنز میں اسپیشل برانچ بلڈنگ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا، جس کے نتیجے میں اب تک موصول ہونی والی اطلاعات کے مطابق 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوہاٹ خودکش دھماکہ ، افواجِ پاکستان کے دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا، کے پی پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
میڈیا پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد شہری ایک عمارت کے قریب جمع ہیں، جسکی ایک دیوار منہدم ہو چکی ہے۔ لوگ ملبہ ہٹا کر زخمیوں کی مدد کر رہے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر کوہاٹ ہنگو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے اور پولیس لائنز کے قریب سکیورٹی فورسز کی مزید نفری پہنچ گئی ہے۔ پولیس لائن میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار مذمت
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنزمسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات بارے رپورٹ طلب کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن سہولت فراہمی کی ہدایت کردی۔
دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ناگزیر، صدر آصف زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اورزخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کیلئے ضروری اور وقت کی ضرورت ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کوہاٹ میں پراناپولیس لائنز کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں ،خوارجیوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
سہیل آفریدی نے مزید ہدایت کی کہ شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے جلد از جلد انتظامات کیے جائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید
علازہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوہاٹ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔




