سکیورٹی فورسز

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی مختلف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ہنگو میں ایک بزدلانہ آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوان شہید ہو گئے۔

بلوچستان میں آپریشن ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ مکمل قوت کے ساتھ جاری ہے، جہاں مزید 7 دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان،سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے فتح علی میں پیش آنیوالے ایک معرکے میں ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

ضلع کچھی کے علاقے دھاڈر میں کی گئی ایک اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ صوبے میں مکمل امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں۔

دوسری جانب، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ہدف پر مبنی آپریشن کیا۔

فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج مارے گئے۔ ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان ہونے والی ایک اور جھڑپ میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔

اسی اثناء میں 17 ستمبر کو فورسز کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا، اور اس آئی ای ڈی دھماکے میں وطن کے 6 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مردان اور آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ہونے والے تمام خوارج کو بھارت کی سرپرستی حاصل تھی اور ان کے ٹھکانوں سے بھی بھاری بارود و اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔