صدر، وزیراعظم

شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں ، لہو رائیگاں نہیں جائیگا ، صدر، وزیراعظم

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخو اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کیخلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

رہنماؤں نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں 10 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری اوراعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جبکہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنیوالے 6 بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید جوانوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

صدر مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور امن کیلئے جانیں قربان کرنیوالے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں ۔ شہداء کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر بیٹوں پر بے حد ناز ہے جنہوں نے وطن کی خاطر جانیں نثار کیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن رد الفتنہ3،سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیاب کارروائی ، نوشکی میں بی ایل اے کے 7 کارندوں کو ہلاک کر دیا

انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی یہ عظیم قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔