بھمبر ،گراں فروشی، کم وزن اور ناقص اشیاء کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

بھمبر:ایس ڈی ایم ہیڈکوارٹر بھمبر محمد سہیل بشیر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں افسر مال قیصر محمود شمس، ضلعی آفیسر اطلاعات عدنان مختار سمیت متعلقہ افسران اور تاجر برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، معیار، وزن و پیمائش، چکن کے وزن میں کمی، دودھ و دہی کے معیار، بازار میں صفائی ستھرائی، تجاوزات اور اشیائے خورونوش کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق رکھنے سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:میرپور انتظامیہ نے پیٹرول سبسڈی کا طریقہ کار سمجھا دیا

اجلاس کے دوران تاجر برادری کے نمائندگان نے مختلف تجاویز پیش کیں اور بازار سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

ایس ڈی ایم محمد سہیل بشیر نے کہا کہ تاجروں اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے بازار میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی، معیار کی بہتری اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، ناجائز تجاوزات، کم وزن، گراں فروشی اور ناقص یا غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گوشت، چکن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کو مکھیوں، مچھروں، گردوغبار اور آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھا جائے۔

گوشت کو گندے کپڑوں سے ڈھانپنے سے اجتناب کیا جائے اور صفائی و حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں دودھ اور دہی کے معیار کو بھی خصوصی طور پر زیرِ بحث لایا گیا۔ ایس ڈی ایم نے ہدایت کی کہ بازار میں ملاوٹ شدہ یا کیمیکل سے تیار کردہ دودھ کی فروخت کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور دودھ و دہی کی باقاعدگی سے پڑتال کی جائے۔

مقررہ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ایس ڈی ایم محمد سہیل بشیر نے بازار میں تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے اور وزن و ناپ تول کے مقررہ معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول مزید مہنگا ہوگا، مخالفت ریاستی مفاد کے خلاف ہے: وفاقی وزیر پیٹرولیم کا دو ٹوک مؤقف

اجلاس میں بازار میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوامی مفاد میں نافذ قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ سمیت دیگر انتظامی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ خلاف ورزیوں کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں فوڈ سیفٹی سے متعلق امور کی مؤثر نگرانی کے لیے فوڈ انسپکٹر کی تعیناتی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔