پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 تک پہنچ چکی ہے۔ الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دو جولائی کے بعد سے ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 94 ہزار 818 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا ہے جس سے رجسٹرڈ ووٹرز کے مجموعی حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انتخابی فہرستوں کے حوالے سے جاری کردہ ان اعداد و شمار سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ملک میں انتخابی فہرست میں شامل شہریوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، جو کہ آئندہ انتخابات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
صوبہ وار رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلی صورتحال:
الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ووٹرز رکھنے والا صوبہ بن گیا ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہو چکی ہے، جبکہ دو جولائی کے بعد یہاں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں کشیدگی کے پیچھے بھارت،پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کروا رہا،وزیردفاع
اس کے علاوہ سندھ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی ہے جہاں مذکورہ عرصے کے دوران 65 ہزار 345 نئے ووٹرز شامل کیے گئے۔ خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہے اور وہاں 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔ بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 58 لاکھ 154 ہو گئی ہے جبکہ دو جولائی کے بعد اس صوبے میں 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 تک پہنچ چکی ہے اور اس عرصے کے دوران اسلام آباد میں 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔




