وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کے اعلان کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رات12 بجتے ہی ڈی ایس ایل اور فکسڈ لائن انٹرنیٹ سروسز بحال کر دی گئی ہیں جس کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
وزیراعظم کے اعلان کے مطابق میرپور اور بھمبر میں موبائل انٹرنیٹ بھی بحال ہوگیا ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اپیل کی جا رہی ہے کہ 3 ماہ بعد انٹرنیٹ بحال ہوا ہے لہذا کسی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے تاکہ سہولت میسر رہے۔
طویل عرصے سے انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث طلبہ، صحافیوں، فری لانسرز، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
میرپور ڈویژن کے ہی ضلع کوٹلی میں تعلیمی اداروں، بینکوں، سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے دفاتر کو ڈی ایس ایل سروس فراہم بحال کی گئی ہے۔
وادی نیلم کے بالائی اور زیریں علاقوں میں ڈی ایس ایل اورتھری جی ، فورجی سروسز پہلے ہی دستیاب ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرے مرحلے میں بھمبر اور میرپور میں انٹرنیٹ بحال ہوگا،وزیراعظم افتخار گیلانی
لیپا ویلی میںڈی ایس ایل اورتھری جی ، فورجی سروسز پہلے سے بحال ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولاکوٹ اور سدھنوتی کے پورے اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں، البتہ بعض مخصوص اداروں کو ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سی ایم ایچ راولاکوٹ، ایم ٹی بی سی ہسپتال عباسپور، اسسٹنٹ کمشنر آفس عباسپور اوربلنگ کمپنی عباسپور شامل ہیں۔
باغ میں صرف باغ سٹی، دھیرکوٹ سٹی، نعمانپورہ ٹاؤن اور ہاڑی گہل ٹاؤن کے شہری علاقوں میں ڈی ایس ایل سروس دستیاب ہے۔
حویلی کہوٹہ کے پورے ضلع میں صرف ڈی ایس ایل سروس ہے جبکہ تھری جی اور فوری سروس پر پابندی برقرار رہے ۔




