حویلی کہوٹہ آزاد کشمیر کے علاقے جلال آباد سولی میں ڈی ایف سی حویلی کہوٹہ کے خلاف مقامی عوام کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں مظاہرین کا یہ بڑا دعویٰ ہے کہ سرکاری آٹا صرف من پسند افراد میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس پر احتجاجی مظاہرین نے جلال آباد روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
علاقے کے سراپا احتجاج عوام کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی میں آٹے کی غیر منصفانہ ترسیل کی جارہی ہے اور آٹا عام صارفین کے بجائے مبینہ طور پر من پسند افراد اور منظور نظر ڈیلرز کے علاوہ بھی دیگر لوگوں کو دیا جا رہا ہے۔ اس ناانصافی کے خلاف مقامی ڈیلر حضرات نے بھی ڈی ایف سی کے موقع پر آنے تک آٹے کی مزید تقسیم اور فراہمی کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں نئی لون اسکیم: بے روزگاری کے خاتمے کی امید، وادی نیلم کے عوام کی رائے
پرانی فہرستوں پر آٹے کی تقسیم اور خاندانی تقسیم کا مسئلہ:
احتجاج کرنے والے شہریوں کا یہ بھی مؤقف ہے کہ آٹے کی موجودہ ایلوکیشن پچھلی یا سابقہ فہرستوں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے، جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ اس دوران ایک خاندان اب تقسیم ہو کر چار چار حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے حقدار افراد کو ان کا حصہ نہیں مل رہا۔




