وادی لیپا کے لیے بڑا ترقیاتی منصوبہ، بیس کلومیٹر سڑک پہلے سو روزہ پلان میں شامل ہونے کا امکان

مظفرآباد/وادی لیپا : ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی نئی مسلم لیگ ن کی حکومت کے پہلے 100 روزہ ترقیاتی پلان میں وادی لیپا کے لیے تقریباً 20 کلومیٹر اندرونی ویلی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم منصوبے کے حوالے سے اس وقت محکمانہ سطح پر تیزی سے فائل ورک جاری ہے اور اسے حکومت کے پہلے 100 روزہ پروگرام کا باضابطہ حصہ بنانے کے لیے تمام ضروری قانونی و انتظامی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیپا ٹنل منصوبہ کھٹائی کا شکار، وزیراعظم شہبازشریف نے رپورٹ طلب کرلی

مجوزہ سڑک کی تعمیر سے وادی لیپا کے مختلف علاقوں کے درمیان باہمی رابطہ کاری بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ اس اقدام سے خطے میں سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں مدد ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی کی زیر صدارت منعقدہ حالیہ اجلاس میں حکومت کے پہلے 100 روز کے اہداف کے لیے مرتب کیے گئے تفصیلی روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا تھا، جس میں انفراسٹرکچر کی بہتری، تعمیرات، سیاحت اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وادی لیپا کے لیے تجویز کردہ یہ 20 کلومیٹر طویل سڑک بھی انہی اعلیٰ ترقیاتی ترجیحات کے تحت آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ تاہم، اس منصوبے کی حتمی منظوری، سڑک کے مخصوص روٹ کے تعین اور کل تخمینہ لاگت سے متعلق سرکاری تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، اور متعلقہ محکموں کا فائل ورک مکمل ہونے کے بعد ہی اس حوالے سے مزید باضابطہ پیش رفت متوقع ہے۔